حکومت نے لوگوں کی زندگیوں کو معاشی جہنم میں پھینک دیا ہے، شیخ رشید

535
اپوزیشن کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان مضبوط ہوئے، وزیر داخلہ

راولپنڈی:سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 14ماہ میں حکومت خود بھی ذلیل ہوئی اور عوام میں بھی رسوا ہوئے، حکومت نے آئی ایم ایف کے ایک ارب ڈالر کیلئے 26کروڑ لوگوں کی زندگیوں کو معاشی جہنم میں پھینک دیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ  چلو، چلو دبئی چلو کی چارٹرڈ فلائٹ چل رہی ہیں، دبئی میں ہی نگران حکومت، الیکشن کی تاریخ، نوازشریف کے آنے نہ آنے اور الیکشن کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ ہوگا، یہ پاکستان کے آئین و قانون نہ ہی عدلیہ اور بینچ کو مانتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ   یہ عوامی بینچ سے ڈرتے ہیں، ساری آئینی ترامیم غیرآئینی ہیں کیونکہ اس کیلئے دوتہائی اکثریت چاہیے، جو پیدائشی نااہل ہوں ان کی نااہلی تاحیات کے بجائے پانچ سال ہونے سے فرق نہیں پڑتا، سیاسی فیصلے لندن اوردبئی میں کرتے ہیں کیونکہ ان کی دولت، جائیدادیں، اولادیں دبئی اورلندن میں ہیں، وہاں اپنےآپ کومحفوظ سمجھتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ   پاکستان میں سیاسی فیصلے کرتے ہوئے ریکارڈنگ کے خوف سے اوراداروں کی نظریں رکھنے سے ڈرتے ہیں، ، سارے بجٹ کی مہنگائی کا ملبہ غریب کے کندھوں پر ڈال دیا ہے، حالات اتنے گھمبیر، سنگین اور خراب ہو چکے ہیں کہ اب نواز شریف پاکستان آکر اپنا شوق پورا کر لیں۔