کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بجٹ میں ترقیاتی کاموں میں کوئی پراجیکٹ ملا نہ ریلیف ۔بدعنوانی ،مہنگائی کودوام دی جارہی ہے عوام ساتھ دیں توجماعت اسلامی قوم کو مسائل کے دلدل سے نکا لے گی.
مولانا عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے عوام کوبدامنی سے نجات ،امن کے قیام ،مسائل کو اجاگر اور حل کی راہ متعین کرنے کیلئے جولائی میں ”امن جرگہ ”کریں گے۔ ماہ جولائی میں امرائے اضلاع وشوریٰ اجلاس بھی ہوگا۔ عوام مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کو ووٹ ،اعتماد اور مالی تعاون دیں جماعت اسلامی اقتدار میں آئیگی تو بار باردھوکہ دینے والے ناکام ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمہ داران ماہانہ تنظیمی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری وحق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،بشیراحمدماندائی، زاہداختر بلوچ ،ڈاکٹرعطاء الرحمان ،ڈپٹی جنرل سیکرٹریز مرتضیٰ خان کاکڑ،حافظ مطیع الرحمان مینگل، سید نورالحق ایڈوکیٹ ،حافظ محمدحنیف کاکڑ، ناظم بیت المال سلطان محمد محنتی، سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر، ناظم شعبہ اطفال احمد شاہ غازی ودیگر شریک تھے.
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے 15جولائی کو صوبہ بھر کے امرائے اضلاع وجنرل سیکرٹریز ،16جولائی کو صوبائی مجلس شوریٰ ،22جولائی کو ”بلوچستان امن جرگہ ”اور 23جولائی کو الیکشن امیدواران کا کنونشن ہوگا امن جرگہ نگرانی مولانا عبدالکبیر شاکر، امیدواران کنونشن نگرانی بشیراحمدماندائی کریں گے ۔الیکشن فنڈقائم کرنے کا بھی اعلان ہوا جس میں ذمہ داران وارکان سب لازمی حصہ لیں گے ہر رکن کے ذمہ مخصوص رقم متعین کی گئی۔ ناظم بیت المال نے بیت المال واضلاع کی آڈٹ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
اس موقع پر ذمہ داران نے اپنی اپنی اور مالیات، نشرواشاعت، دستک ،تنظیمی ،اطفال ودیگر شعبہ جات کی اورژوب واقعے کی اب تک کی رپورٹ پیش کی۔جماعت اسلامی انتخابات کے حوالے سے بلوچستان کے سلگتے مسائل اور ان کے حل کیلئے سے انتخابی منشور کا اعلان کریگاانتخابی منشور تیاری کے حوالے سے بشیراحمدماندائی نگرانی وتیاری کریں گے۔
ذمہ داران نے خطاب میں کہاکہ بلوچستان وسائل سے مالامال پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے حکومتی نااہلی، ناکامی، بدعنوانی کی وجہ سے بلوچستان طویل مدت سے بڑے مسائل کا شکار ہے ریاستی اداروں کے کنٹرول کی وجہ سے اہم صوبہ سیاسی ،معاشی اور انتظامی اعتبار سے بہت کمزور کردیا گیا ہے اسی وجہ سے مفادپرستی، چاپلوسی اور عوام میں مایوسی کے جذبات جنم لیتے ہیں۔ جمہوری طریقے سے عوامی حقوق مانگنے والوں کو جرم بے گناہی کی سزادی جارہی ہے بدقسمتی سے حکومت ومقتدرقوتیں عوام کو جائز بنیادی قانونی حقوق دیناہی نہیں چاہتے جماعت اسلامی حقوق کے حصول کی جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔