امپائر کی مداخلت نہ ہو تو جیالے الیکشن جیت جاتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری

707
intervention

کراچی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب امپائر کی مداخلت نہیں ہوتی تو صرف اور صرف جیالے الیکشن جیت جاتے ہیں، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ بے روزگاری، غربت اور مہنگائی سے ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لیاری میں آکربہت خوشی ہورہی ہے، آج ہم شہید بے نظیرکی سالگرہ بھی منا رہے ہیں، لیاری کا پیپلز پارٹی خاندان کے ساتھ خاص رشتہ ہے، ککری گراؤنڈ سے جنرل ضیا الحق، جنرل مشرف کو للکارا تھا، یہاں سے سلیکٹڈ کو بھی للکارا تھا، شہید محترمہ کیخلاف بہت سازشیں ہوئیں، آپ نے اس کا انتقام جمہوری طریقے سے لیا۔یہ باتیں انہوں نے ککری گراؤنڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہیں.

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ان کا اصل مقام دلوائیں گے، کچھ سیاست دان نفرت، تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، ہم نوجوانوں کو روزگار سمیت بہترین مواقع دینا چاہتے ہیں جبکہ کچھ سیاست دان نوجوانوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، کارکنوں نے بہت مشکل وقت دیکھا اب اچھے دن شروع ہونے والے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو جب بھی موقع ملا ہم نے خدمت کی ہے، لیاری کی عوام کو تعلیم، صحت اور کھیل کا حق دلوائیں گے، 2018 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا، جیالوں نے عدم اعتماد لاکر جمہوری طریقے سے انتقام لیا، جب لیول پلائنگ فیلڈ ہوتی ہے تو پیپلز پارٹی جیتتی ہے، ہم نے تمام مسائل کو حل کرنا ہے، اب میری باری ہے آپ کی خدمت کروں گا۔