پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام: صوبہ سندھ کی ویمینز ہاکی لیگ کا آغاز

603

کراچی(رپورٹ : مقصود احمد)پرائم منسٹرز ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت صوبہ سندھ کی ویمینز ہاکی لیگ کا آغاز ہوگیا۔

اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں منعقدہ تقریب میں ہائیرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن نے رنگارنگ تقریب میں ایونٹ کا افتتاح کیا۔

 اس موقع پر رنگ برنگے غبارے فضامیں چھوڑے گئے۔پہلے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی ریجن کی ٹیم نے صائمہ غلام کی ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت حیدرآباد کو 13-0 سے شکست دیدی، صائمہ غلام نے ڈبل ہیٹ ٹرک اسکور کی، انھوں نے مجموعی طور پر چھ گول اسکور کیے۔

 ٹیم کی کپتان دعا خان نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول کیے جبکہ مقدس رفیق نے دو اور اقراء اقبال نے ایک گول کیا۔دوسرے میچ میں بینظیر آباد نے لاڑکانہ ریجن کو 6 گول سے ہرادیا،فاتح ٹیم کی جانب سے عمارہ نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول اسکور کئے جبکہ مشال اور مناحل نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

مہمان خصوصی جاوید علی میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ سندھ کی ویمنز ہاکی لیگ سے ملک کو نیا ٹیلنٹ ملے گا۔ ویمنز اور مینز ہاکی کے مقابلے ایک ہفتے تک جاری رہیں گے، کھلاڑیوں کو بہترین رہائش کیساتھ یومیہ الاؤنس اور ہاکی کی مکمل کٹ فراہم کی گئی تاکہ کھلاڑی بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں۔