لاہور:سربراہ عوامی مسلم لیگ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کواپنی مقبولیت کاعلم ہے اس لئے وہ الیکشن کی طرف جانے سے گریزاں ہیں ایسے آڑھت کی دکان بھی نہیں چلتی جسطرح یہ ملک چلا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں تو غیر ملکی خاک آئیں گے، سیاسی استحکام کے بغیر کوئی سرمایہ کاری نہیں آسکتی، وزیر خزانہ سفارت کاروں کی منت سماجت پر آگئے ہیں، حکومت کا بیس کیمپ، بینک اکانٹس اور جائیدادیں دبئی اور لندن میں ہیں، پہلے وہ واپس لائیں۔
https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1671381091935191046?s=20
شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاشی معاملات حل ہوئے نہ ہی سیاسی استحکام آیا، آئی ایم ایف نے گھاس ڈالی نہ دوست مالک کام آئے، اس لیے معاشی بحالی کے قومی پلان کے لیے سپیشل کونسل قائم کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مال بنانے اور ڈنگ ٹپانے سے فرصت نہیں، آئی ایم ایف کے بیل آٹ پیکج میں صرف ایک ہفتہ رہ گیا ہے، ڈیفالٹ کاخطرہ ابھی ٹلا نہیں، آئی ایم ایف سے دسمبرتک کچھ نہیں ملیگا، ایل این جی کا بھی مسئلہ بنے گا۔
https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1671381098495111169?s=20
انہوں نے کہا وزیراعظم کا 80 ارب روپے کا صوابدیدی فنڈ اور چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافہ شرمناک ہے،عوامی اور بے ساکھیوں کی سیاست میں فرق ہوتا ہے، حکومت دنیا میں خیرات ،بھیک اور ادھار مانگنے والوں کے نام سے متعارف ہے، نوازشریف جتنی مشکل سے باہر گئے اتنی جلدی سے نہیں آئیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی میئر اور باغ جیسے ہی قومی الیکشن کرائیں گے، دھاندلی نہیں دھاندلا ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ نورا کشتی کررہی ہیں، فائدہ پی پی پی اٹھارہی ہے اور رسوائی ن لیگ کا مقدر ہے، یہ اپنے منی لانڈرنگ کیسز ختم کرانے آئے تھے غریب کی خدمت نہیں۔