علاقائی استحکام کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں قابل تعریف ہیں، ایران

564

تہران:ایران اور پاکستان کے اعلی فوجی کمانڈروں نے دونوں ہمسایہ ممالک کی بحری اور فضائی افواج کے درمیان تعاون کے منصوبوں پر غور کیا۔

ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی ،جنہوں نے اسلام آباد کا دورہ کیا ہے، نے پاک بحریہ کے سربراہ محمد امجد خان نیازی  ملاقات کی،ایرانی بحریہ کے سربراہ اور ان کے وفد کو خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی بحریہ کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں اور دوطرفہ اور کثیر جہتی تعاون کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ایرانی اور پاکستانی کمانڈروں نے دونوں ہمسایہ ممالک کی بحری افواج کے درمیان تربیتی کورسز اور وفود کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری دورے کے دوسرے دن ریئر ایڈمرل ایرانی نے پاکستان کی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی۔ انہوں نے ہوا بازی کی صنعت میں فوجی اور تربیتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ایرانی ایڈمرل نے علاقائی استحکام کے تحفظ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔