ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے کراچی پریس کلب کا تاریخی کردار ہے، شرجیل میمن

766
historical

کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں کراچی پریس کلب نے ہمیشہ اپنا تاریخی کردار ادا کیا ہے.

تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کی سربراہی میں گورننگ باڈی اور سینئیر صحافیوں کی صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور سیکریٹری انفارمیشن ندیم الرحمن سے ملاقات کی،وفد میں نائب صدر مشتاق سہیل ، سیکریٹری شعیب احمد ، سابق سیکریٹری پریس کلب مقصود یوسفی، سینئیر صحافی مظہر عباس ، سینیئر حنیف اکبر، اراکین مجلس عاملہ ذوالفقار راجپر ، ذوالفقار علی واوھچو اور فاروق سمیع بھی شامل تھے۔

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کو کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹس اور نئے اراکین کے پلاٹس کے حوالے سے بریفنگ دی، صدر سعید سربازی نے کہا کہ سندھ حکومت ہرسال کراچی پریس کلب کو گرانٹس جاری کرتی ہے اس پر ہم وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر اطلاعات سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن اس سال میڈیا بحران کے باعث بڑی تعداد میں میڈیا ورکرز بے روزگار ہورہے ہیں اور تنخواہوں کی صورتحال بھی خاصی متاثر ہے، مہنگائی کے باعث کراچی پریس کے انتظامی اخراجات بھی خاصے بڑھ گئے ہیں ، موجودہ حالات میں کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹس میں خاطر خواہ اضافہ ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی آبادکاری اور نئے ممبرز کو پلاٹس کی الاٹمنٹ بھی حکومت سندھ نے مکمل کرنی ہے اس معاملے میں صوبائی وزیر اطلاعات اپنا کردار ادا کریں تاکہ نئے ممبرز کو جلد از جلد پلاٹس الاٹ کئے جائیں۔

سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد کا کہنا تھاکہ وزیر اطلاعات نے میڈیا کے موجودہ حالات کو سمجھتے ہوئے خود اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ مہنگائی اور تنخواہوں کے بحران کے باعث صحافی برادری پریشان ہے اس لئے میں اپنی جانب سے کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹس میں اضافہ کا اعلان کررہا ہوں ،ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اطلاعات سندھ اپنی بات کو پورا کریں اور کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹس میں وعدے کے مطابق اضافہ کریں تاکہ ہم اپنے انتظامی اور عمومی معاملات احسن انداز میں چلا سکیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور آزادی اظہار رائے کی جدوجہد میں کراچی پریس کلب نے ہمیشہ اپنا تاریخی کردار ادا کیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی پریس کلب اور صحافی برادری کی خدمات کو ہمیشہ سراہتی ہے اور ان کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ صحافی برادری کے لئے نرم گوشی رکھا ہے اور ان کی ہمیشہ یہ خواہش رہی ہے کہ سندھ کے صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ سالانہ گرانٹس میں اضافے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور نئے اراکین کے پلاٹس اور صحافی ہاسنگ سوسائٹی کے معاملات پر عید کے بعد وزیر اعلی سندھ سید مراد علی کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز اور کراچی پریس کلب کے ذمہ داران کی میٹنگ رکھیں گے جس میں ان تمام مسائل کو حل کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔