کراچی: کراچی پریس کلب اسکلز ڈویلپمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام”ٹک ٹاک کے استعمال، فوائد اور پالیسیوں کو سمجھنے” کے عنوان سے ایک معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں ٹک ٹاک معلوماتی ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور اس کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔ ورکشاپ میں ٹک ٹاک آفیشل ٹرینرز نے ٹک ٹاک پلیٹ فارم سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، ٹک ٹاک کے لیے مواد کی تخلیق کی حکمت عملی، صحافیوں کے لیے ٹک ٹاک سے فائدہ اٹھانا، اخلاقی تحفظات، کمیونٹی گائیڈ لائن اور ٹاک ٹاک کی پالیسیز سے متعلق آگاہ کیا۔
ورکشاپ سے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد اور اسکلز ڈویلپمنٹ کمیٹی کے سیکرٹری حامد الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ ورک شاپ میں نائب صدر مشتاق سہیل، خازن احتشام سعید قریشی سمیت گورننگ باڈی کے ارکان اور سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ ٹرینرز نے ٹاک ٹاک پر دلچسپ اور بامعنی مواد تخلیق کرنے کے طریقوں سے متعلق بتایا، اس پلیٹ فارم کے نتیجے میں چند منٹوں میں اپنی خبر کیسے وسیع سامعین تک پہنچنا سکتے ہیں اور وڈیوز کی تیاری کے لیے ٹولز کا استعمال سکھایا۔
ورکشاپ میں خطاب کرتے ہوئے صدر سعید سربازی نے جدید صحافت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب صحافیوں کے لیے سوشل پلیٹ فارم کا استعمال انتہائی اہم ہے۔ صحافت میں وقت کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری پریس کلب شعیب احمد نے کراچی پریس کلب کے اسکلز ڈویلپمنٹ کیمیٹی کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمیٹی صحافیوں میں ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں آگاہی پیدا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کی اسکلز ڈیولپمنٹ کمیٹی نے صحافیوں اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کو آج کے تیزی سے بدلتے میڈیا کے منظر نامے میں درکار مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے مسلسل اس طرح کی ورکشاپس کا انعقاد کیا ہے۔
شعیب احمد کا مزید کہنا تھا کہ بدلتے وقت اور رجحانات کے ساتھ خبر کا انداز بھی بدل رہا ہے، اگر ہم نے وقت کے ساتھ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کیا تو موجودہ دور میں ہم پیچھے رہ جائیں گے۔
کراچی پریس کلب کی اسکلز ڈیولپمنٹ کمیٹی کے سیکریٹری حامد الرحمن نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسی ہی ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھیں گے۔ ڈیجیٹل دور میں خبر اوراپنی بات دوسروں تک پہنچانے کے لیے ایک طاقتور ٹول کے طور پر ٹک ٹاک کے کردار پر زور دیا۔
ورکشاپ کے اختتام پر کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکرٹری نے ٹک ٹاک کے ٹرینرز کو کے پی سی کے سوینیئرز اور ورکشاپ کے شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔