لاہور:جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاہے کہ نریندرمودی مقبوضہ کشمیرمیں قبرستان آباد اور شہر ویران کررہاہے،ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی اور قابض فوج جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہے۔
ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ ،پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی پاکستان نے تحریک آزادی کشمیر کی اول روز سے پشتیبانی کی اور کررہی ہے جس پر اہل کشمیرشکریہ ادا کرتے ہیں،جماعت اسلامی پاکستان اور پاکستانی قوم نے سرینگر میں جی 20ممالک کی کانفرنس کے حوالے سے ملکی اور عالمی سطح ُپر بھرپور کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں ہندوستان کو وہ اہداف حاصل نہیں ہوئے جس کے لیے جی 20ممالک کی کانفرنس کا ڈرامہ رچایاگیاتھا۔
ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے پانچ لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے،ہندوستان کے تمام ترستعماری ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں،کشمیری تقسیم کشمیرکی کسی سازش کو کامیاب نہیںہونے دیںگے،کشمیری حق خودارادیت اور وحدت کشمیرپر کوئی کمپرومائز نہیں کریںگے،ریاست کے قومی تشخص پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
انھوں نے کہاکہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان کے اسٹیٹس کو متاثر کیے بغیر ان کے حقوق فراہم کرے،گلگت بلتستان میں آزاد کشمیرطرز کا سیٹ اپ دیاجائے،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کو آئینی طورپر باہم مربوط کرکے تحریک آزاد کشمیرکا بیس کیمپ بنایاجائے۔