آئی ایم ایف میں ہمارے سینگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، شہباز شریف

397
Our horns

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا معاملہ چل رہا ہے، آج بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، دن رات کوشش ہو رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز نے جب سے پارٹی کے چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالا وہ دن رات محنت کر رہی ہیں اور مخالفین کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ مریم نواز آج ہر جگہ پہنچ رہی ہیں اور یہ بہت باہمت بچی ہے، مسلم لیگ (ن) میں اب نوجوان قیادت کی ضرورت ہے، جب نواز شریف ملک آئیں گے تو پاکستان کا سیاسی نقشہ بدل جائے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس ملک کا معمار ہیں جنہوں نے ملک سے گھنٹوں کا اندھیرا ختم کیا، جگہ جگہ موٹرویز بنائے، زراعت اور صنعت کی ترقی کے لیے دن رات محنت کی۔ نواز شریف کے لندن ہوتے ہوئے کارکنان اور پارٹی کی قیادت نے ذمہ داریاں سنبھالیں، جن حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی یہ بہت بڑی ذمہ داری تھی، یہ پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کی مالا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے دن رات محنت کی، ان کی جدوجہد اور محنت پر دو رائے نہیں، عالمی مالیاتی فنڈ کا معاملہ چل رہا ہے، ہم اس کی شرائط تسلیم کرنے کے لیے الٹے سیدھے ہوگئے ہیں کیونکہ پاکستان کا مفاد اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ کم وقت میں ہم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرکے ملک کو ترقی کے طرف لے چلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں، نواز شریف نے اور ہماری پارٹی نے اپنا سیاسی سرمایہ جھونک دیا، سیاست نہیں کی ریاست کو بچایا اور اتنے مشکل حالات میں یہ کوئی مشکل فیصلہ نہیں تھا، مہنگائی نے عوام کی قمر توڑ دی کیونکہ دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھیں۔ ہم نے ہمت نہیں ہاری اتحادی حکومت کے زومہ نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم سخت حالات کا مقابلہ کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شدید مالی مشکلات کے باوجود بجٹ میں عام آدمی اور سرکاری ملازم کو 35 اور 30 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا اور پنشن میں 17 فیصد اضافہ کیا گیا۔

ان کاکہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے آج بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، دن رات کوشش ہو رہی ہے، اس قوم نے بڑے امتحانات کے مقابلہ کیا ہے، پاکستان نہ صرف قائم رہے گا بلکہ ترقی کے راستے پر گامزن ہوگا۔