اسلام آباد:آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کیلئے روانہ ہوگئے۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیرِ تجارت سید نوید قمر، وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں۔
آذربائیجان میں وزیرِ اعظم کی صدر الہام علیوف کے ساتھ ملاقات ہوگی. دونوں ممالک کے درمیاں تجارت کے فروغ اور توانائی کے شعبے میں تعاون کیلئے وزیرِ اعظم سے آذربائیجان کے وزرا کے وفد کی ملاقات بھی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ سیاسی تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری کے ٹھوس روابط میں تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے، ترجیحی تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے ، توانائی، بینکاری، مالیاتی خدمات اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے آذربائیجان کی قیادت کے ساتھ بات چیت کروں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر وہ آذربائیجان کے دورہ پر روانہ ہو رہے ہیں، یہ دورہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور پائیدار شراکت کی ہماری حکومت کی پالیسی کا حصہ ہے۔