اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے حکومت سے حکومتی معاہدے کے تحت روس سے درآمد کیے جانے والے خام تیل کی ادائی امریکی ڈالر کے بجائے چینی کرنسی میں کی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے ادائیگی کے طریقہ کار کی تصدیق کی تاہم انہوں نے قیمتوں کا تعین یا پاکستان کو ملنے والی رعایت اور اس معاہدے کی تجارتی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ پاکستان کی ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) ابتدائی طور پر روسی تیل کو ریفائن کرے گی۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم نے مختلف پروڈکٹ مکسز کو دیکھا ہےاور کسی بھی صورت میں روسی خام تیل کی ریفائننگ کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ہمیں یقین ہے کہ یہ تجارتی طور پر قابل عمل ہوگا۔ روسی خام تیل کو بہتر کرنے کے لیے ریفائنری میں کسی قسم کی ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت نہیں تھی۔