گلگت بلتستان کو آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے، ڈاکٹر خالد محمود خان

501

گلگت:جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر وگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے،حکومت پاکستان گلگت بلتستان کی خصوصی حیثیت تبدیل کیے بغیر صوبوں سے زیادہ حقوق فراہم کرے۔

ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کے حصول کے لیے اول روز سے جدوجہد کررہی ہے جب تک گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق مل نہیں جاتے اس وقت تک جدوجہد جاری رہے گی ،نوجوانوں کو بلا سود قرضے دیئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ  سیاحت کو فروغ دیا جائے،صحت تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے بجٹ میں اضافہ کیا جائے ،ڈیمز کی رائلٹی گلگت بلتستان کے عوام کو فراہم کی جائے ملازمتوں میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے

ڈاکٹر خالد محمود کاکہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکن اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچائیں ،جماعت اسلامی کا ہر کارکن داعی بن کر اپنا کردار ادا کرے ،اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی تخلیق کے بعد ایک لاکھ چوبیس ہزار کم وبیش انبیا کو راہنمائی کے لیے معبوث کیا انسانیت ترقی کی منازل طے کرتی رہی اور بلوغت تک پہنچی تو نبی پاک ۖ کو خاتم النبین ۖ بنا کر بھیجا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا اللہ تعالیٰ ہر کسی کو دیتا ہے لیکن دین کا فہم اپنے خاص بندوں کو عطا کرتا ہے جماعت اسلامی کامل تصور دین لے کر اٹھی ہے اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کے دئیے ہوئے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے یہ ہمارے لیے اعزاز ہے کہ ہم ایسی تحریک سے وابستہ ہیں جو دین کا کامل تصور رکھتی ہے اور اقامت دین کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔