بھارت اسلحہ خریدنے کی بجائے غربت کے خاتمہ پر وسائل صرف کرے، وزیر اعظم

337
The great daughters

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیئے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، پاکستان اور بھارت اسلحہ اور جنگی جہاز خریدنے کی بجائے اپنے علاقوں سے غربت اورجہالت کے خاتمہ پر وسائل صرف کریں اور باہمی تنازعات پرامن مذاکرات سے حل کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ  ترکی نے کشمیر کاز پر ہمیشہ پاکستان کی غیرمشروط حمایت کی ہے جس کیلئے ہم ان کے مشکور ہیں، کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، بھارتی مظالم سے پوری دنیا آگاہ ہے اور کشمیری عوام کی قربانیوں سے بھی پوری دنیا آگاہ ہے اس کے باوجود بھارت ضد پر اڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  بھارت کا کشمیریوں کا زیرتسلط رکھنے کا طرزعمل بہت بڑا منفی پہلو ہے، دنیا کو سمجھنا چاہئے کہ جس طرح شمالی آئرلینڈ کا مسئلہ حل کیا گیا تھا، جس طرح سوڈان، بلقان کے مسائل حل کئے گئے اسی طرح وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ کشمیریوں کی خواہشات مزید تاخیر بغیر پوری ہوں، بصورت دیگر ہمارے خطے میں امن قائم نہیں ہوسکے گا، ہمیں اپنے محدود وسائل کو ان شعبوں میں استعمال میں لانے کی ضرورت ہے، ہمیں مزید اسلحہ اور جنگی جہاز خریدنے سے فائدہ نہیں ہوگا۔