راولپنڈی: نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سیاسی بحران کا خاتمہ سیاسی پلیٹ فارم سے ہی ممکن ہے۔
آرٹس کونسل میں جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے انتخابات 2023ء صوبائی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ 9مئی کے افسوسناک واقعے نے حالات کوتیزی سے بدل دیا ہے۔ ادارے اپنی ذمے داریاں پوری کریں تو بحرانوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عدالتوں کے متنازع فیصلوں کی وجہ سے عدلیہ کا وقاربری طرح متاثرہوا اورعوام میں مایوسی بڑھی۔ جب انصاف کی فراہمی کے ادارے ہی قابل اعتماد نہ ہوں تومسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔انا کے بُت کوتوڑ کرتمام ججزپرمشتمل بینچ بنایاجائے جومتنازع امورکوحل کرنے میں اپنا کرداراداکرے۔ قوم کے پاس جماعت اسلامی کے سوا اب کوئی چوائس نہیں۔
اس موقع پر مرکزی نائب امیرمیاں محمداسلم، امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم،صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،صوبائی نائب امراء ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی،حافظ تنویراحمد،قاضی محمدجمیل،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اویس اسلم مرزا،عبدالوہاب خان نیازی،محمدعثمان آکاش سمیت دیگرذمے داران نے بھی اظہارخیال کیا۔
صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل چودھری عمران انور، مرکزی میڈیا کوآرڈینٹرشاہدشمسی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،صدرجے آئی یوتھ میاں یاسرعلی گجر،صدرنیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی،صدرتحریک محنت پاکستان خالدحسین بخاری،صوبائی ناظم اسلامی جمعیت طلبہ تصورحسین کاظمی سمیت صوبے بھر سے قومی وصوبائی اسمبلی کے امیدوار اور ذمے دار کنونشن میں شریک ہوئے۔
امیرصوبہ ڈاکٹرطارق سلیم نے کنونشن میں صوبائی انتخابی منشوروژن پنجاب کااعلان کیا۔صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان نے شرکا اور میڈیا کے سامنے قومی وصوبائی امیدواروں کااعلان کیا۔
لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگست میں سندھ،بلوچستان کی اسمبلیاں اپنا مقررہ وقت مکمل کررہی ہیں۔ آئین کی دی ہوئی مدت سے فراراور الیکشن کا انعقاد نہ ہونا قومی سلامتی اور آئین پاکستان کے لیے زہر قاتل ہوگا۔بروقت الیکشن کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے نشان ترازوپرالیکشن میں بھرپورحصہ لے گی۔شریف برادران نے پنجاب کے عوام کومحرومیوں کے سواکچھ نہیں دیا۔ پھرعمران خان کوموقع ملا ، انہوں نے بھی قوم کومایوسیوں کے سواکچھ نہیں دیا۔ جماعت اسلامی نے پنجا ب سمیت پورے پاکستان میں قوم کے سامنے دیانتدارامیدوارپیش کردیے۔ ہماری پہچان دیانت ہے، معاشی بحران کا خاتمہ کرپشن جیسے ناسورکے خاتمے سے مشرو ط ہے۔
نائب امیر جماعت کا کہنا تھا کہ مسنداقتدارپرباصلاحیت اور دیانتدارہوگی توہمیں آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ عمران سیریزکے بعد ترین سیریزبھی ناکامی سے دوچارہوگی۔ ملک کوعدم استحکام کاشکارکرنے والے کبھی استحکام نہیں لاسکتے۔ پنجاب کے مردوخواتین اور نوجوان ہمارااثاثہ اورسرمایہ ہیں، ان کی قوت سے پنجاب کودوسرے صوبوں کے لیے قابل تقلیدبنائیں گے۔