ٹوکیو کے ہوائی اڈے پر 2 طیارے آپس میں ٹکرا گئے، جانی نقصان نہیں ہوا

467

ٹوکیو:جاپان کے دارلحکومت ٹوکیوکے ہنیدا ہوائی اڈے پر دو مسافر بردارطیارے ایک ٹیکسی وے کے قریب آپس میں ٹکرا گئے۔

جاپان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کے قریب بنکاک کے لیے روانہ ہونے والے تھائی ایئرویز کے ایک مسافر ہوائی جہاز کی ایوا ایئرکے ایک ہوائی جہاز کے ساتھ ہنیدا ایئرپورٹ کے رن وے اے پرٹکر ہوئی۔ٹوکیو براڈکاسٹنگ سسٹم ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ فی الحال دونوں طیارے رن وے پر کھڑے ہیں۔

قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق تھائی ایئر ویز کے طیارے کے پر کا کچھ حصہ ٹوٹا ہوا دکھائی دے رہا ہے اور کچھ ٹکڑے رن وے کے قریب بھی دکھائی دے رہے ہیں۔ہوائی اڈے انتظامیہ نے جائے حادثہ کے قریب رن وے کو بند کر دیا ہے اور ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔واقعے کے باعث ہوائی اڈے پر کچھ ملکی اور بین الاقوامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔