ایسا انسان نہیں کہ دوسری شادی کے بارے میں سوچوں،شعیب اختر

404

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی شعیب اختر نے دوسری شادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی سمیت کیرئیر پر بات چیت کی۔

 میزبان کی جانب سے سابق کرکٹر سے دوسری شادی  سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر  شعیب اختر نے  کہا کہ اسلام میں ایک سے زائد شادیوں کی اجازت ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ آدمی کو ایک شادی سے ہی جڑے رہنا چاہیے۔

 شعیب اختر نے کہا کہ ایک لڑکی آپ کے لیے اپنا گھر چھوڑ کر آتی ہے، تو شوہر کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اس کے ساتھ ایماندار رہے اور نرمی کے ساتھ پیش آنے کے ساتھ ساتھ اس کی دیکھ بھال بھی کرے۔

سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایسے انسان نہیں جو دوسری شادی کے بارے میں سوچیں۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے جون 2014 میں رباب خان نامی لڑکی سے شادی کی تھی اور اب سابق کرکٹر کے دو بیٹے بھی ہیں۔