مارکیٹیں 8 بجے بند کرنا ناکام منصوبہ ہے، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان

409
مارکیٹیں 8 بجے بند کرنا ناکام منصوبہ ہے، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان

اسلام آباد: قومی توانائی بچت منصوبے کے تحت مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند کرنے کے  معاملہ پر  مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے شدیدردعمل ظاہر کرتے ہوئے  توانائی بچت پلان کو ناکام بچت پلان قرار دیدیا  اور اعلان کیا ہے کہ منصوبے کو نافذ المعل کرنے کی صورت میں تاجر برادری ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

منگل کی شام اپنی ایک بیان میں محمد کاشف چوہدری  نے کہا ہے کہ  توانائی بچت منصوبے کے تحت مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی حکومتی  تجویز کو سختی سے مستردکرتے ہیں،حکومت تاجروں اور عوام کو سہولیات دینے کے بجائے انہیں زندہ درگور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے واضح کیا ہے کہ رات 8بجے مارکیٹیں بند کرنے کی تجویزملک بھر کی تاجر برادری کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں ،تاجر اور عوام دشمن منصوبے کو نافذ المعل کرنے کی صورت میں تاجر برادری ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،محمد کاشف چوہدری نے مزید کہا ہے کہ توانائی بچت کے غیر منطقی منصوبے کو ماضی قریب میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، حکومت اپنے شاہانہ طرزکو ترک کر دے تو ایسی صورت کا سامنا نہ کرنا پڑے، بجلی کے لائن لاسسز اور سسٹم کو اپ گریڈ کرکے توانائی کی بچت کرنے کے بجائے فضول فیصلوں سے اذیت پہنچنا حکمرانوں کا طرہ امتیاز ہے۔

صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہا ہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے تاجروں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔