آسٹریلیا اور انگلینڈ بورڈز بھی آئی سی سی مجوزہ مالیاتی ماڈل پر معترض

1216

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے مجوزہ مالیاتی ماڈل پر پاکستان کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ کی جانب سے بھی اعتراض اٹھایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے مجوزہ مالیاتی ماڈل سے بھارتی بورڈ کو ممکنہ طور پر 38.5 فی صد یعنی 231 ملین ڈالر ملیں گے جب کہ انگلینڈ کو اس سے کم یعنی 6.89 فی صد کے تناسب سے 41.33 ملین ڈالر کی رقم ملے گی جب کہ آسٹریلیا کو اس سے بھی کم یعنی 6.25 فی صد کے لحاظ سے 37.53 ملین ڈالر ملنے تھے۔

اسی طرح پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی متوقع آمدن میں سے 5.75 فی صد کی رقم ملے گی۔

قبل ازیں انگلش اور آسٹریلین بورڈز کے ساتھ مل کر بھارت نے 2014 میں بگ تھری نامی فارمولا بنایا تھا، جو کہ انتہائی ناکام رہا۔ اس متنازع منصوبے کا مقصد زیادہ سے زیادہ مالی حصہ وصول کرنا تھا تاہم اس کے بعد اب بی سی سی آئی ان دونوں ممالک کو نکال کر تنہا حکمرانی کرنے کا خواہشمند ہے۔