عمران خان نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا، شرجیل میمن

353

کراچی: وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا، اب ان کا بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے، سربراہ پی ٹی آئی کو مزید ریلیف دینا ملک کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سربراہ پی ٹی آئی خود بھی چاہیں اور اس لاڈلے کو بچانے والے جو کود پڑتے تھے وہ بھی چاہیں تو اب سربراہ پی ٹی آئی کا قانون کے شکنجے سے بچنا مشکل نہیں ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران کے کرپشن کا پھندا سربراہ پی ٹی آئی کے گرد تنگ ہوتا جا رہا ہے، سربراہ پی ٹی آئی کو مزید ریلیف دینا ملک سے زیادتی ہوگی، سربراہ پی ٹی آئی سیاسی شخص تھے ہی نہیں ان کو ہم پر مسلط اور زبردستی تھونپا گیا تھا۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سربراہ پی ٹی آئی نے ایک بار پھر دھمکی دی کہ مجھے گرفتار کیا تو نو مئی جیسا ردعمل ہوگا، اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نو مئی کے واقعات کو اون کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ہی انٹرویو کو بی بی سی پر رکوانے کی کوشش کی، انہوں نے اپنے انٹرویو میں اقرار جرم کیا، جن لوگوں کو ریاست کیخلاف استعمال کیا گیا ان کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی نے لاتعلقی کردی ہے۔