اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے 19 کروڑ پاونڈ اسکینڈ میں تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشری بی بی کو بھی 7 جون کو طلب کرلیا۔
نیب نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) سے 19 کروڑ پانڈ کی واپسی کے اسکینڈل کے معاملے میں عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو جے آئی ٹی میں طلب کرلیا ہے۔
بشری بی بی کو بھیجے گئے نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ 7 جون کو صبح 11 بجے نیب راولپنڈی کے دفتر جی-6 اسلام آباد میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں اور بھیجے گئے سوالات کے جواب تحریری شکل میں جمع کرادیں۔
نیب کی جانب سے نوٹس میں القادر یونیورسٹی پروجیکٹ ٹرسٹ، القادر یونیورسٹی پروجیکٹ انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ اور القادت ٹرسٹ کی رجسٹریشن سمیت دیگر تمام دستاویزات ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں القادر ٹرسٹ کیس کے سلسلے میں تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ کیس میں سابق خاتون اول بشری بی بی کی گرفتاری درکار نہیں ہے جس کے بعد عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست غیر موثر قرار دے دی تھی۔