کوئٹہ: جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری وحق دوتحریک کے قائد مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ گوادر کے عوام کے حقوق کے حصول کی تحریک کو صوبہ بھر میں پھیلائیں گے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا کہنا تھا کہ ساحل وسائل کانعرہ لگانے والے لیڈرکو سی پیک میں لوٹی ہوئی دولت میں حصہ مل گیا اس لیے وہ خاموش ہوگیا بلوچستان کو لوٹنے والوں کے خلاف عوام متحد ہوں گے تووسائل کے مالک عوام بنیں گے بصورت دیگر چہرے بدل بدل ہر ہم پرمقتدر قوتوں کے تعاون سے لٹیرے مسلط ہوں گے اور لوٹ مار کا بازار گرم ہوگا گوادر کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا انشاء اللہ وسائل واختیارات ملنے پرگوادر کوترقی یافتہ جدید مثالی شہر بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
ان کا کہنا تھا کہ صرف گوادروسائل وترقی سے محروم نہیں پورابلوچستان لٹیروں کے رحم وکرم پر ہے۔ بلوچستان کے عوام کوسازش کے تحت پسماندہ اور لاوارث بنایا گیا ہے بلوچستان کے عوام بلوچستان کے وسائل کے مالک ہیں توترقی خوشحالی روزگار تعلیم وصحت کی سہولیات اور پینے کے پانی سے محروم کیوں ۔ہم عوامی حقوق کے حصول، بدعنوانی، بے حسی، غفلت وکوتاہی کے خلاف آوازبلند کرتے رہیں گے۔ بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع نہیں، روزگار برائے فروخت ہونے کی وجہ سے نوجوان مایوس ہیں، بے روزگاری کا طوفان ہے، کروڑوں لوگ بدترین مہنگائی اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں۔