قومی و صوبائی الیکشن ساتھ ہونگے، اعلان ہوتے ہی نواز شریف واپس آئینگے، وزیرداخلہ

407
movement

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ساتھ ہوں گے اور اس کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف واپس آ جائیں گے۔

امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی خود سیاستدانوں سے مذاکرات کیلیے تیار نہیں، وہ صرف کمیٹیاں بنا رہے ہیں۔ اگر وہ واقعی بات چیت چاہتے ہیں تو وزیراعظم کو فون کرکے بیٹھ کر بات کرلیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے، اسے حکومت غیر سنجیدہ سمجھتی ہے کیوں کہ بات اب بہت آگے جا چکی ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد واقعات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس پر ہونے والے حملے میں شرپسند وہاں رکھے لیپ ٹاپس اٹھا کر لے گئے ہیں جن میں حساس معلومات تھیں۔اب ان لیپ ٹاپس سمیت دیگر اہم اشیا کو کوئی تھانیدار نہیں فوج ہی برآمد کرے گی اور اس کیس میں آرمی ایکٹ بھی اسی وجہ سے لگایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ جناح ہاؤس یا اطراف میں داخل ہوئے ان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلے گا۔اگر یہ سب عمران خان نے منصوبہ بنایا تو پھر ملٹری کورٹ میں اُس کا بھی ٹرائل ہوگا۔ پی ٹی آئی سے لاتعلقی اختیار کرنے والے مقدمات سے بچ سکتے ہیں تاہم جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو کسی قسم کی کوئی معافی نہیں ملے گی۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کی مسلم لیگ ن میں گنجائش کم ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ  اکتوبر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہوں گے اور انتخابات کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔