لاہور: تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کو گھر کے قریب سے گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس نے ملزم کے گھر جانے والی گاڑیوں کو روک دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ظہور پیلس سے گرفتار کیا ہے، آپریشن کی قیادت اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر عمران ملک کررہے تھے۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب عامر میر نے کہا ہےکہ چوہدری پرویز الہی چھپنے کے ماہر ہیں، آج بھی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گرفتارکرلیا، پرویز الہی نے آج بھی گرفتاری کے وقت مزاحمت کی ۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے وقت چوہدری پرویز الہی بلٹ پروف گاڑی میں موجود تھے، جس کے دروازے لاک کردیے گئے تھے، پولیس نے گرفتار کرنے کے لیے ڈرائیونگ سیٹ کی طرف کا شیشہ توڑ کر پرویز الہی کو گرفتار کیا۔
یاد رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے کرپشن کے مقدمے میں عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی تاہم گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست مسترد کر دی تھی کیونکہ ضمانت کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔