یاسین ملک کے حق میں  جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا گلگت شہر میں بڑا احتجاجی مظاہرہ 

454
یاسین ملک کے حق میں  جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا گلگت شہر میں بڑا احتجاجی مظاہرہ 

گلگت : مودی حکومت کی ایما پر بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے دائر کردہ فرضی و من گھڑت مقدمات کی پاداش میں غیر منصفانہ انداز میں گذشتہ سال عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد اب بھارتی حکومت کی طرف سے یاسین ملک کو سزائے موت دلانے کی کوششوں کے خلاف گلگت شہر میں “رلیز یاسین ملک ریلی” کی شکل میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا ایک بھر پور عوامی احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔

جس کی قیادت پارٹی کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار، آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی، مرکزی وائس چیئرمین ضیا الحق، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل جاوید حنیف، چیئرمین سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ عبید شبیر اور صدر لبریشن جموں کشمیر فرنٹ گلگت بلتستان شیرزمان خان نے کی۔

بھارت مخالف احتجاجی “رلیز یاسین ملک ریلی” کلمہ چوک سے گلگت شہر کے ایک مقامی ہوٹل تک جاری رہی، جس دوران مظاہرین بھارتی حکومت کی جانب سے یاسین ملک کو سزائے موت دلانے کی کوششوں اور مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی، ظلم، جبر و بربریت کے خلاف اور دیگر اسیران سمیت یاسین ملک کی فوری و غیر مشروط رہائی کے ساتھ ساتھ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔

ریلی میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے کارکنان کے علاوہ گلگت شہر کے آزادی پسند عوام اور مختلف جماعتوں کے نماندگان نے بھی شرکت کی، سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق 29 مئی کے روز قائد تحریک، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی و سپریم ہیڈ امان اللہ خان مرحوم کی ساتویں برسی اور 1988 میں برطانیہ میں قائم ریاست جموں کشمیر کے عوام کی ترجمان تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چھیالیسویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقد ہونے والی “رلیز یاسین ملک ریلی” ایک عوامی اجتماع میں تبدیل ہوئی۔

مقامی ہوٹل میں منعقد اس اجتماع کے مہمان خصوصی پارٹی کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار تھے اور صدارت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی نے کی جبکہ نظامت کاری کے فرائض مشترکہ طور پر زونل جنرل سیکریٹری سردار ارباب ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری گلگت بلتستان انجینئر ناصر کپوت نے سر انجام دی۔

قائد تحریک و فرزند گلگت امان اللہ خان مرحوم سے اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کرنے اور انہیں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کی غرض سے آزاد کشمیر بھر سے سینکڑوں کارکنوں، رہنماوں اور ذمہ داران پر مشتمل ایک بڑے قافلے نے گلگت شہر پہنچتے ہی قائد کے آخری آرام گاہ پر حاضری دی اور فاتح خوانی کے علاوہ بڑے جذبانی اور منفرد انداز میں سلامی پیش کرتے ہوئے ان کے ادھورے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا۔

بیان کے مطابق مقررین نے قائد تحریک کو ان کی قومی تحریک آزادی کے لئے عمر بھر کی جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے جانشین محبوس قائد انقلاب چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کو تحریک آزادی کا واحد قومی ترجمان قرار دیا، جو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بھارتی جیل میں تحریک آزادی کے اعصاب شکن جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جملہ مقررین نے اس موقع پر بھارت کی جانب سے قائد انقلاب محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کے بعد اب موت کی سزا دلوانے کی کوششوں پر بھارت کو اس کے تباہ کن نتائج پر خبردار کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے یاسین ملک کی قیمتی جان بچانے کی اپیل کی۔

اس موقع پر محمد رفیق ڈار، ساجد صدیقی، ضیا الحق، جاوید حنیف، عبید شبیر اور برطانیہ سے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والے ممبر سپریم کونسل طارق شریف کے علاوہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما عبدالشکور عابد گلگتی اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے سیاسی شعبے کے سربراہ غازی سہیل کٹاریہ کے علاوہ سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمران جہانگیر کیانی اور سڈی سرکل کے انچارج غلام اویس سمیت چند مقامی رہنماوں نے بھی شرکا سے سیر حاصل گفتگو کی۔

علاوہ ازیں مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کی جانب سے میڈیا کے لئے جاری بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چھیالیسویں یوم تاسیس کے موقع پر  28مئی کے روز برطانیہ کے شہر لیوٹن میں قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم اور برطانیہ سے تحریک آزادی میں گرانقدر خدمات پیش کرنے والے ان کے دیرینہ مرحوم ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اجتماع زونل صدر لیاقت لون کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کے مہمان خصوصی پارٹی کے سفارتی شعبے کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان جبکہ اجتماع کی نظامت کاری کے فرائض مشترکہ طور پر پارٹی کے سینئر و بزرگ رہنما اعجاز ملک اور زونل جنرل سیکریٹری تنویر ملک نے سراجنام دی۔

اجتماع میں قائد تحریک کے ہمسفر مرحومین ساتھیوں محمد روف خان، عبدالحسن عاصم، ظفر اقبال شریف، افضل جاتلوی، محمود نظامی، حاجی غلام سرور، جاوید اقبال رشید، ملک شفیع، چوہدری لیاقت علی، اظہر ملک، پروفیسر لیاقت علی خان، اقبال راٹھور، ایوب راٹھور ایڈووکیٹ، ماسٹر عبدالحمید، بشیر بہزام، حاجی اقبال، عبدالغفور غوری، عبدالعزیز بھٹی، راجہ محمود، چوہدری عبدالرحمان، راجہ فضل کریم، لیاقت چوہدری، گلزمان چوہدری، محمد حنیف، چوہدری اعشاد، خواجہ عبدالرشید، ملک یونس، جاوید احمد ملک اور فضل الہی کے ورثا اور لواحقین کے علاوہ جے کے ٹی وی، لیٹ کشمیر ڈسائڈ اور ریڈیو آپ کی آواز کے بانیان اور ان اداروں سے وابستہ سرگرم ذمہ داران کے درمیان ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے خصوصی اسناد تقسیم کیں۔

ترجمان کے مطابق لیوٹن میں منعقدہ اجتماع میں برطانیہ بھر سے آنے والے سینکڑوں شراکا  سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین پروفیسر راجہ ظفر خان، مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل اور لیاقت لون کے علاوہ اجتماع میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والے یورپ زون کے صدر ملک مشتاق پاشا، برطانیہ زون میں سیاسی شعبے کے سربراہ سردار نسیم اقبال خان ایڈووکیٹ، بزرگ رہنما ملک لطیف، سینئر نائب صدر چوہدری یوسف، جنرل سیکریٹری تنویر ملک، نائب صدر سردار حفیظ خان، ترجمان گلفراز خان، ممبر سپریم کونسل ایس ایم ابراھیم ایڈووکیٹ اور صدر لیوٹن برانچ ظفر خان جونئر کے علاوہ متعدد دیگر جماعتوں کے سربراہان و نمائندگان نے خطاب کیا جبکہ لبریشن فرنٹ کے متعدد سینئر و بزرگ رہنما اجتماع میں شریک رہے۔

ترجمان کے مطابق شرکائے اجتماعات نے منقسم اکائیوں کو باہم ملا کر اپنے اسلاف کے وضع کردہ راہنما اصولوں کے عین مطابق ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور وحدت و حاکمیت کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔