ثاقب نثار سے ملک کو نقصان پہنچا، کارروائی ہونی چاہیے، صوبائی وزیر اطلاعات

359

کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن  نے کہاہے کہ ثاقب نثار کے فیصلوں سے ملک کو نقصان پہنچا ہے، وہ جب چیف جسٹس تھے تو انہوں نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا تھا، عمران خان نے غیر قانونی کام کیا تو کارروائی ہونی چاہیے جو نہیں ہو رہی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ  ثاقب نثار کے بیٹے یا کسی اور کی گفتگو ذاتی نہیں، گفتگو میں سیاسی جماعت کا ٹکٹ بیچنے کی بات ہو رہی ہے، ٹکٹ بیچنے سے متعلق گفتگو کی تحقیقات ہونی چاہیے، ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کو بلا کر پوچھیں کیوں پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ رہے ہو؟

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کی گفتگو پر عدالت میں کہا گیا کہ پرائیوٹ گفتگو ہے، ماضی میں غلط لوگوں کو اسٹے آرڈر دیا وہی لوگ آئین اور قانون کو توڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے کہا کہ انہوں نے غیر قانونی کام کیا، عدالت نے عمران خان، عارف علوی اور قاسم سوری کو کیا سزا دی؟

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، عمران خان غیرملکی میڈیا سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور آج بھی جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں، عمران خان کا پاکستان میں الگ اور باہر الگ بیانیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے ، انہوں نے پی ٹی آئی ورکرز کے ذہنوں میں زہر ڈالا اور آج ان کو پہچاننے سے انکاری ہیں، عمران خان نے ورکرزکو استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینکا، اتنے سنگین جرائم کے بعد ایک دن بھی یہ جیل نہیں گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کے چھوڑے لوگ آج بھی پروپیگنڈا میں مصروف ہیں، ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کی ایک آنکھ سے دیکھا جائے۔