عمران خان نے خود فوجی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، وزیر داخلہ

538
terrorists

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ  عمران خان کے خلاف 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد پر کارروائی فوجی عدالت میں ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے عمران خان پر الزام عائد کیا ہے  کہ انہوں اپنی گرفتاری سے قبل ہی ذاتی طور پر فوجی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، ان دعووں کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت بھی موجود ہیں۔

رانا ثنا نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے کہ یہ دلیل کیسے بنتی ہے کہ وہ جیل میں تھا جبکہ سارا کچھ کرنے والا وہ تھا۔ انہوں نے جو نعرہ لگایا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، اس کے اوپر انہوں نے جو پیش بندی، منصوبہ بندی اور تیاری تھی وہ ساری عمران خان کے حکم پر تھی اور اس نے یہ سارا کروایا۔

انہوں  نے کہا کہ اس سارے فساد کا تخلیق کار وہ خود ہے، اگر وہ ملزم نہیں ہے تو اور کون ہے، اس کے ثبوت موجود ہیں، یہ دستاویزی شکل میں بھی ہے، ٹوئٹس پر بھی ہے، پیغام دیتے رہے ہیں ہر جگہ سے یہ چیز ملتی ہے، یہ سارا کچھ وہ طے کر گئے تھے کہ کس نے کیا کرنا ہے اور کہاں کرنا ہے، اسٹریٹجی کیا ہوگی، کس کی کس جگہ ڈیوٹی ہوگی، یہ سارا کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔