حقوق مانگنا جرم بنادیا گیا ہے، جماعت اسلامی بلوچستان

1702
Demanding

کوئٹہ:  امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی اور صوبائی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی وحق دوتحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں حق مانگنا جرم بنادیاگیاہے۔

مولا نا عبدالحق ہاشمی اور مولانا ہدایت الررحمان بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان قیام پاکستان سے فوجی آپریشن، جبر، لاقانونیت ومحرومیوں کا شکار ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد نے قید میں اور قید کے باہر حوصلہ ہمت دیا، بلوچستان میں پانی بجلی وحقوق مانگنا جرم بن گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 26دسمبر سے آج تک گوادر میں گرفتاریاں جاری ہیں، ممبران اسمبلی ومقتدرقوتوں کی آشیر باد سے ٹرالرمافیا زکی سمندری حیات کے خاتمے ولوٹ مار جاری ہے ہم اپنی سرزمین پر اجنبی بن گیے ہیں، عدالت میں پیشی پر جج نے کہاکہ بااختیار قوتوں سے بات کریں۔ جب ججزکا یہ حال ہوتوانصاف بہت مہنگااور مشکل ہوگا۔عمران خان کی رہائی نے میرے رہائی کی راہ ہموار کی ۔سرداراخترکے دھوکے میں بلوچ قوم مزید نہ آئے ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملے کی مذمت  کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مخلص دینی قیادت وانقلابی لیڈرسراج الحق کو سیکورٹی فراہم اورخودکش دھماکے کے سہولت کاروں کو بے نقاب کریں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ پہنچنے پر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے امیر حافظ نورعلی ،نائب امیر عبدالمجید سربازی ودیگر نے خطاب کیا۔

تقریب میں حق دوتحریک گوادر کے رہنما نوید کلمتی، جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر زاہد اختر بلوچ، مرتضیٰ خان کاکڑ، جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر نقیب اللہ اخوانی، جمعیت طلباء عربیہ کے صوبائی منتظم نصیب اللہ شاہوانی، اسلامی جمعیت طلباء کے عطاء الرحمان ودیگر نے شرکت کی۔

استقبالیہ تقریب سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے مزید خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم ترقی پسند ہیں ہم نہ پاکستان مخالف اور نہ ہی جمہوریت وسی پیک مخالف ہیں ۔ہم نے نوجوانوں کو حقوق کے حصول کیلئے جمہوری طریقے کی طرف راغب کیا لیکن بااختیار قوتوں نے اسے قبول نہیں کیا۔ مصلحت سے نکل کر چور کو چور کہنا ہوگا حق دو وجماعت اسلامی گوادر کے 218کارکنان پر 950جھوٹے مقدمات بنائے گیے ہیں۔ہم ہر جگہ لٹیروں ،عوام وملت دشمنوں ،ملاومسٹر کے نام پر اسمبلی تک پہنچنے واستحصال کرنے والوں کو مقابلہ جمہوری طریقے سے کریں گے ۔بلوچوں کی مائوں بہنوں کے قاتل بلوچستان اسمبلی میں موجود اورقتل وغارت گری کے ذ مہ دار ہیں۔