لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ ن بحالی کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔
رجسٹرار آفس کی طرف سے لگائے گئے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بطور مسلم لیگ ن کے صدر بحالی کے لئے درخواست دائرکی گئی تھی، درخواست آفاق احمد ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ 2017 میں نواز شریف کو قومی اسمبلی سے نااہل قرار دیا گیا، عمران خان اور شیخ رشید نے نواز شریف کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کی درخواست دائر کی تھی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 2018 میں سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا، جبکہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے مگر چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف کو پارٹی صدارت پر بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔ بعدازاں لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کر دیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا لاہور ہائیکورٹ سماعت نہیں کر سکتی۔