عدالت عظمیٰ نے مبینہ آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی روک دی

493
Supreme Court

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی روک دی۔

عدالت عظمیٰ نے وفاقی حکومت کے 19 مئی کے نوٹی فکیشن پر عملد رآمد روک دیا اور انکوائری کمیشن کے 22 مئی کے احکامات کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیے گئے جوڈیشل کمیشن کے خلاف 4 درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

عدالت عظمیٰ نے درخواستوں پر تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام درخواستوں میں فریقین کو نوٹسز ارسال کردیے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بھی نوٹس جاری کردیا جب کہ مزید سماعت 31 مئی کو ہوگی۔

واضح رہے کہ اس کیس میں عدالت نے آج دن میں سماعت کی تھی، جس میں اٹارنی جنرل اور درخواست گزاروں کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔