لاہورہائی کورٹ ،9 مئی کے بعد نظربندیوں پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

344

لاہورہائی کورٹ نے ملک میں 9مئی کو ہونے و الے پرتشدد واقعات کے بعد ہونے والی نظربندیوں پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا۔لاہورہائی کورٹ میں ایم پی او 3اور 16کے تحت نظر بندیوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا ۔

عدالت نے 9مئی کے واقعات کے بعد نظر بند کیے گئے افراد تفصیلات طلب کرلیں۔ جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ بتایا جائے کتنے افراد کی نظر بندی کے احکامات جاری ہوئے۔تحریک انصاف کی سابق رکن اسمبلی زینب عمیر کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس امجد رفیق نے پنجاب حکومت سے تفصیلی اور جامع جواب بھی مانگ لیا۔ 

درخواست گزار کی جانب سے ایم پی اور 3 اور 16 کو چیلنج کیا گیا  تھا۔ دورانِ سماعت وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ قیام امن عام آرڈیننس کی دفعہ 3 اور 16 آئین کے آرٹیکل کے منافی ہے جبکہ پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور اسے ناقابل سماعت قرار دیا۔