تخریب کار گروہ اپنے انجام کو پہنچا، پاکستان سکھ کا سانس لے گا، مریم نواز

781

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ تخریب کار گروہ اپنے انجام کو پہنچ گیا، اب پاکستان سکھ کا سانس لے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ‏جو جرم 9 مئی کو عمران خان نے کیا،کوئی بھی، یہاں تک کے اس کی اپنی جماعت بھی اس گھناؤنے جرم اس کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے تھوڑا سا بھی درد رکھنے والا سیاست میں تشدد کا حامی نہیں ہوسکتا۔  یہاں پر تو عمران نے ملک ہی جلا ڈالا! کوئی ذی شعور پاکستانی فوجی تنصیبات، سرکاری، ریاستی اور سیکورٹی عمارتوں پر حملہ کرنے، ان میں توڑ پھوڑ کرنے اور ان کو جلانے کی حمایت نہیں کرسکتا۔ یہ کام یا TTP نے کیا ہے یا PTI نے۔ یاد رکھیں، سیاست اور سیاسی تقسیم بعد میں، پاکستان پہلے!

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ ‏پاکستان کی سیاست میں  ایسی پرتشدد سوچ رکھنے والے کسی گروہ کی کوئی جگہ نہیں۔ اس لیے یہ تخریب کار گروہ اپنے انجام کو پہنچا! پاکستان اب سکھ کا سانس لے گا اور آگے بڑھے گا انشاءاللّہ!