میئرکراچی کیلیے پی پی جماعت اسلامی سے سنجیدہ بات کرنا چاہتی ہے، بلاول کا پیغام

993

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، وفاقی وزیر خورشید شاہ نے نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی انتخابی قومی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پر خورشید شاہ نے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچایا کہ کراچی میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی میئر شپ پر پی پی پی جماعت اسلامی سے باقاعدہ سنجیدہ بات کرنا چاہتی ہے۔ کراچی میں بلدیاتی نظام کو چلانے کے لیے ضابطہ کار پر اتفاق کرلیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں مسلسل سندھ حکومت کے جانبدارانہ، غیر جمہوری اقدامات پر بات کی اور کہا کہ کراچی کے گھمبیر مسائل کا یہ ہی حل ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز جماعت اسلامی کی میئر شپ پر اتفاق کرلیں اور مل کر عوام کو مسائل سے نجات دلائیں۔

لیاقت بلوچ نے سید خورشید شاہ سے ملاقات کی تفصیلات سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کردیا ہے۔