بلوچستان میں امن سی پیک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، سراج الحق

321
safe future

کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن سی پیک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے مگر اس وقت بلوچستان کی مجموعی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

سراج الحق کا کہناتھا کہ صوبائی حکومت عوامی اعتماد کے شدیدفقدان کا شکارہے،اپوزیشن کے علاوہ حکومت میں شامل جماعتیں بھی مایوس ہیں، صوبہ بدانتظامی اور کرپشن کے سمندر میں غوطے کھا رہا ہے۔ایسے دکھائی دیتا ہے عوام بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ سڑکوں پرحکومت کی رٹ نظر نہیں آتی، سرکاری چھاؤنیاں تک محفوظ نہیں، بلوچستان میں امن سی پیک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔

کوئٹہ میں قائدین، کارکنان، مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ملک کی مجموعی صورتحال کو بھی خطرناک قرار دیا اور کہا کہ تمام ریاستی وسائل حکمران اشرافیہ کی حفاظت اور بہتری کے لیے استعمال ہورہے ہیں جبکہ قوم کو لاوارث اور لاچار کردیا گیا ہے، نوجوان مایوس ہیں، بے روزگاری کا طوفان ہے ، کروڑوں لوگ بدترین مہنگائی اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ لوگ گھروں میں محفوظ نہیں ، صاف دکھائی دے رہا ہے حالات سنبھالنا حکمران سیاسی جماعتوں کے بس کی بات نہیں ،امن و امان کے قیام کے لیے ان کے پاس کوئی ایکشن پلان نہیں ہے۔  ملک میں عدالتوں کا وقار بری طرح مجروح ہوا ہے۔ قانون کی رٹ قائم نہیں ہورہی۔ کرپٹ، طاقتور اور ظالم حکمرانوں کا کوئی عدالت ، ادارہ احتساب نہیں کرسکا، اب عوام کو ہی ووٹ کی طاقت سے ہی ظالموں کا احتساب کرنا ہوگا۔