اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان عمران نیازی کے مذموم اور خود غرضانہ عزائم سے زیادہ مقدس اور طاقتور ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ 9 مئی کے شرمناک، المناک اور افسوس ناک واقعات کے منفی اثرات اور نتائج کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
9 مئی کے شرمناک، المناک اور افسوسناک واقعات کے بعد سے میں ان کے منفی اثرات و مضمرات کے بارے سوچ رہا ہوں۔ جتنا میں اس سیاہ دن کے بارے سوچتا ہوں اتنا ہی میرے غم و غصے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے کہ ہم پاکستان کے نظریے کے خود ہی دشمن بن گئے ہیں۔ عوام کو تقسیم کرنے کے بعد عمران نیازی…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 19, 2023
انہوں نے کہا کہ میں اس سیاہ دن کے بارے میں جتنا سوچتا ہوں، اتنا ہی میرا غم اور غصہ بڑھتا جاتا ہے کیونکہ ہم خود نظریہ پاکستان کے دشمن بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو تقسیم کرنے کے بعد عمران نیازی ریاستی اداروں کی تضحیک کرنے میں مصروف تھے، وزیراعظم نے کہا کہ جب حکومت حاصل کرنے کی ان کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں تو انہوں نے اپنے نفرت انگیز بیانیے اور فسادیوں کے ٹولے سے ریاست پاکستان پر حملہ کیا۔ ’’شاید عمران خان کو یہ احساس نہیں کہ نظریہ پاکستان ان کے مذموم اور خود غرضانہ ارادوں سے زیادہ مقدس اور طاقتور ہے۔ اللہ کی مرضی سے اسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘