سراج الحق پر خودکش حملہ: وزیر اعظم، چیئرمین سینٹ، سابق صدر ودیگر کی مذمت

697
attack

کوئٹہ/ کراچی/اسلام آباد: بلوچستان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے میں خود کش دھماکے کی وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر وڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی ،وزیر خارجہ ودیگر نے پرزور مذمت کی ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کے قافلے پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کےلئے بھی دعا کی ہے۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نےمتعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کی ژوب، کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دھماکے میں زخموں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے میں ہونے والے خود کش دھماکے کے مذمت کرتے افسوس کا اظہار کیاہے،امیر جماعت اسلامی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے زخمی کارکنان کے صحت یابی کےلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ژوب میں دہشت گردی کے واقعہ میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے امیر جماعت اسلامی اور ان کے ساتھیوں کی حفاظت فرمائی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ واقعہ میں 6 افراد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس ہے، انہوں نے ژوب کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی ہدایت کی۔

ادھروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے کے قریب دھماکے کی مذمت کی۔انہوں نے واقعہ میں امیر جماعت اسلامی کے محفوظ رہنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ حملے ملک کے امن کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلی فون کر کے ژوب میں ان کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بلوچستان حکومت کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

جے یو آئی ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے کو افسوسناک قرار دیا، انہوں نے کہا کہ واقعہ میں سراج الحق اور کارکنان کے محفوظ رہنے پر خوشی ہوئی۔

 سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے قافلے میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے  سراج الحق کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار اور زخمیوں کے صحت کاملہ کی دعا بھی کی۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مطالبہ کیا ہے کہ  دھماکے کی شفاف تحقیقات کی جائیں دھماکے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،

محمد حسین محنتی کا کہناتھا کہ جماعت اسلامی ایک پرامن دینی وسیاسی جماعت ہے، مرکزی امیر کے قافلے پر بزدلانہ حملہ ملک اور دین دشمن قوتوں کی کارستانی، حکومت عوام کی جان ومال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی۔

 مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے سراج الحق پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ  میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ حملے میں پس پردہ مجرمان کو گرفتارکیاجائے۔

آفاق احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی نئی اشتعال انگیزی اور سانحہ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔