لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک پر آپریشن کے حوالے سے پنجاب حکومت نے عمران خان سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حکومت اور عمران خان کے درمیان 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے جمعے کے روز مذاکرات ہوں گے۔حکومتی ٹیم دوپہر 2 بجے کے بعد کمشنر لاہور کی سربراہی میں زمان پارک جائے گی۔
حکومتی ٹیم زمان پارک کی تلاشی کے سلسلے میں عمران خان کی جانب سے نامزد کیے گئے افراد سے مذاکرات کرے گی اور رہائش گاہ کی تلاشی لینے پر اتفاق رائے ہونے کی صورت میں 400 پولیس اہلکار زمان پارک میں سرچ آپریشن کا حصہ بنیں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے میں ملوث 8 دہشت گردوں کو زمان پارک سے فرار ہوتے وقت گرفتار کرلیا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں سانحہ 9 مئی کے 30 سے 40 شرپسند موجود ہیں۔
یاد رہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے زمان پارک کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ زمان پارک جانے والے تمام راستے بند ہیں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے کیمپ بھی خالی ہو چکے ہیں۔