ایم اے جناح روڈ پر رمپا پلازہ میں لگی آگ بجھادی گئی

926

کراچی: شہر قائد کا معروف علاقہ  صدر کے قریب ایم اے جناح روڈ پر قائم رمپا پلازہ کی ساتویں منزل پر لگی آگ ایک گھنٹے کی جہدوجہد کے بعد بھجادی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب  آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے، آتشزدگی کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی تاہم ٹریفک پولیس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ رمپا پلازہ کی ساتویں منزل پر قائم گودام میں لگی تھی جس میں بریک آئل اور رنگ سمیت دیگر سامان و کیمکل موجود تھا جبکہ ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیوں کو روانہ کیا گیا اور آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید 5 گاڑیوں کے علاوہ اسنار کل اور پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 2 واٹر باؤزر بھی روانہ کر دیے جبکہ واٹر بورڈ سے بھی واٹر ٹینکرں کے ذریعے پانی کی فراہمی کی درخواست کر دی گئی ۔

فائر بریگیڈ کے مطابق عملے نے ریسکیو آپریشن کے دوران عمارت میں موجود افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اس حوالے سے نبی بخش پولیس کا کہنا تھا کہ آگ کی اطلاع ملتے پولیس نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ مقام کو اپنے گھیرے میں لیکر غیر متعلقہ افراد کو وہاں سے دور ہٹا دیا ۔

پولیس کے مطابق آتشزدگی کے دوران خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فائر بریگیڈ حکام نے اسنار کل کی مدد سے رمپا پلازہ کے ساتھ بنی ہوئی عمارت کی چھت پر پہنچ کر بھی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کیں ۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم آگ کو مکمل طور پر بجھانے کے لیے کولنگ کا عمل جاری تھا ، فائر بریگیڈ کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی مالیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ۔