شیریں مزاری، علی محمد خان اور ملیکہ بخاری رہائی کے بعد پھر گرفتار

614

راولپنڈی، لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان، ملیکہ بخاری اور ڈاکٹر شیریں مزاری کو رہائی کے بعد ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بیرسٹر ملیکہ بخاری کو اڈیالہ جیل اور علی محمد خان کو جہلم ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی کے فوراً بعد گرفتار کرلیا گیا۔ علی محمد خان کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بیرسٹر ملیکہ بخاری کو لاہور پولیس نے گرفتار کیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج ہی ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کی ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شیریں مزاری کو بھی تیسری بار حراست میں لے لیا گیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری کو اسلام آباد پولیس اپنے ساتھ لے گئی۔ انہیں بھی آج ہی رہائی ملی تھی، کہ ایک بار پھر پولیس نے گرفتار کرلیا۔