موجودہ اور ماضی کی حکمراں جماعتیں پائیدار جمہوریت، قانون اور آئین کی بالادستی نہیں چاہتیں،سراج الحق

374
sustainable

لاہور:  امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک عرصہ سے کہہ رہی ہے کہ موجودہ اور ماضی کی حکمران سیاسی جماعتیں معیشت بہتر کر سکتی ہیں نہ یہ ملک میں پائیدار جمہوریت اور قانون اور آئین کی بالادستی چاہتی ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ان پارٹیوں کی حکومتوں کی وجہ سے لوگوں کے پاس عزت کے ساتھ رزق کمانے کے مواقع معدوم ہو گئے، نوجوان بے روزگار ہیں اور پاکستان پوری دنیا میں تماشا بن چکا ہے۔ کوئی ایک شعبہ نہیں جس میں ان نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں نے بہتری لائی ہو، ان کے ہوتے ہوئے زراعت، صنعت، تجارت سب کچھ تباہ ہوا اور سب سے بڑا ظلم یہ کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کا تصور ختم ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب قوم کے پاس بہتری کا صرف ایک ہی راستہ ہے جس سے ملک میں عدل و انصاف کی حکمرانی اور میرٹ کی بالادستی قائم ہو سکتی ہے اور وہ راستہ ووٹ کی طاقت ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ جدید اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کرے۔

منصورہ سے جاری بیان میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی کی سیاست کی مثال پانی میں مدھانی ہے جس سے ملک اور قوم کے فائدے میں کچھ نہیں نکلے گا۔ جلاؤگھیراؤ، اداروں کو یرغمال اور جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی سیاست ملک کے 23کروڑ عوام کے مستقبل کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔