پاکستان مسئلہ کشمیر پر جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے، ڈاکٹر خالد محمود

3279
Kashmir issue

راولاکوٹ: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے اور G20ممالک کو مقبوضہ جموں وکشمیر جانے سے روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے

ڈاکٹر خالد محمود خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں G20ممالک کی مجوزہ کانفرنس کا جواز بنا کر جماعت اسلامی اور قائدین حریت سمیت عوام پر کریک ڈائون کررہا ہے جو پوری انسانیت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ G20ممالک ان حالات میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جانے سے اجتناب کریں ہندوستان اس کانفرنس کی آڑ میں کشمیریوں کو شہید گرفتار اور ان کی جائیدادیں ضبط کررہا ہے عالمی برادری اور او آئی سی اس کا نوٹس لیں، حکومت پاکستان جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے اور G20ممالک کو مقبوضہ جموں وکشمیر جانے سے روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

  ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے چارٹر ،سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلا ف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے بنیادی انسانی حقوق پامال کررہا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں دنیا کے کسی فرد کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہے حتیٰ کہ ریلیف کا کوئی ادارہ بھی مقبوضہ جموں وکشمیر نہیں جاسکتا صحافتی برادری پر پابندی ہے،انٹرنیٹ سروس معطل ہے ان حالات کا دنیا نوٹس لے اور اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔