قومی اسمبلی کا چیف جسٹس کیخلاف مس کنڈکٹ کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

477

اسلام آباد:قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کے خلاف مس کنڈکٹ کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی میں چیف جسٹس سپریم کورٹ ویگر ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی،جبکہ دو قراردادیں بھی منظورکرلیں گئیں۔

سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملے پر پی ٹی آئی کیخلاف کارروائی کی دو قراردادیں منظور کرلیں گئیں۔قرارداوں میں کہاگیاہے کہ سیاسی جماعت کی جانب سے ملک میں انتشار پھیلانے اور سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے،ایسی قانون سازی کی جائے کہ ایسے شرپسند عناصر کا مستقبل میں قلع قمع کیا جا سکے،قومی اسمبلی کااجلاس آج دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشریف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی شازیہ ثوبیہ سومرو نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی تحریک پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

تحریک میں کہا گیا کہ ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے جن میں محسن شاہنواز، خورشید جونیجو، صلاح الدین ایوبی، شہناز بلوچ اور صلاح الدین شامل ہوں گے۔

تحریک میں کہا گیا کہ کمیٹی چیف جسٹس کے سوا دیگر ججز کے مس کنڈکٹ پر بھی ریفرنس لانے کا جائزہ لے گی اس کے بعد ایم کیوایم کے رکن انجینئرصابر قائمخانی نے قرارداد پیش کی کہ یہ ایوان ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ملک میں انتشار پھیلانے اور سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مذکورہ سیاسی جماعت اور اس کے انتشاری رہنمائوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے۔ یہ ایوان مذکورہ سیاسی جماعت کی جانب سے دفاعی اداروں کے خلاف غداری اور اس جیسے دوسرے بے بنیاد الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور شہیدوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے پر حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس طرح کے عناصر اور ان کے شر پسند رہنماں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

اور مزید ایسی قانون سازی کی جائے کہ ایسے شرپسند عناصر کا مستقبل میں قلع قمع کیا جا سکے۔ یہ ایوان اپنی بہادر اور جری افواج کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور انہیں دفاع پاکستان میں اپنی بھر پور حمایت کا یقین دلاتا ہے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہنے کا اظہار کرتا ہے۔جس پر قرارداد کو منظور کرلیاگیا۔

اس کے بعد ایوان میں تحریک انصاف کی منحرف خاتون رکن اسمبلی وجیہہ قمر نے جناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور دیگر سرکاری املاک پر حملوں کے خلاف مذمت اور پی ٹی آئی رہنماں کے خلاف کارروائی کے لیے انگریزی میں قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔قومی اسمبلی کااجلاس آج دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔