وزیراعظم کی پختونخوا میں آٹے اور گندم کی قیمت کنٹرول کرنے کی ہدایات

952
purchase price

لاہور: وزیر ِ اعظم شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو قیمت کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ گندم کا غیر قانونی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تا کہ عام عوام تک آٹے جیسی بنیادی ضرورت کسی رکاوٹ کے بغیر پہنچے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گندم کی خریداری اور رسد و طلب کے حوالے سے ہفتہ کے روز لاہور میں اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال گندم کی بھرپور فصل ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بھرپور فصل کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کے پی میں آٹے اور گندم کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو 10 کلو کے 3 لاکھ آٹے کے تھیلے روزانہ مہیا کیے جا رہے ہیں جس پر وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پنجاب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹریز کو مل کر لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔