ججزآئین اورقانون پامال کر رہے ہیں،قوم احتجاج کیلئے اسلام آباد پہنچے، مولانا فضل الرحمٰن

528
violating

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ججز آج آئین، قانون اور عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں، پوری قوم پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج میں شرکت کیلئے پہنچے۔

پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے کارکنوں کے نام وڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ 3 رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے، ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے، ججز پاکستان کے غریب عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لیتے ہیں، ججز آج آئین، قانون اور عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ طور پر ایک مجرم کو تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، مجرم کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ وہ آئندہ بھی جرائم کرے اور معیشت کو تباہ کرے، ہم پہلے بھی میدان میں رہے ہیں، آج ایک بار پھر میدان میں آنے کی ضرورت پڑی ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہ دستور پہنچیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ انصار الاسلام کے سالار اور رضاکار نظم کو برقرار رکھنے کیلئے پہنچیں، وکلاء برادری سے بھی اپیل ہے کہ قانون کے تحفظ کیلئے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے، وکلاء نے ہمیشہ اس مقصد کیلئے قربانیاں دی ہیں، آج ایک بار پھر ضرورت پڑی ہے کہ وکلاء بھی میدان میں آئیں۔

پی ڈی ایم سربراہ کا ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کو اپیل کرتا ہوں کہ اس احتجاج کو قومی احتجاج بنائیں، اداروں کی بے راہ روی، جانبداری اور اختیارات سے تجاوز پر قوم احتجاج کرتی ہے، شاہراہ دستور پر اکٹھے ہو کر مضبوط پیغام دیں گے کہ عدالت اپنے اس رویے سے باز آجائے۔