عدلیہ نے ملک کو انارکی اور خانہ جنگی سے بچایا ہے،شیخ رشید

507

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عدلیہ نے ملک کو انارکی اور خانہ جنگی سے بچایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ ساری قوم عظیم فوج کے ساتھ کھڑی ہے، فوج کسی دکھاوے کی ریلیوں کی محتاج نہیں ہے، فوج بھی چاہتی ہے خزانہ لوٹنے والے اور منی لانڈرنگ کرنے والے آئین و قانون کے ریڈار میں آئیں، ملک کی لوٹی ہوئی دولت ملک واپس آئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جیت گئی سازشی ہار گئے، سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دینے کے بجائے شہباز شریف کو استعفی دینا چاہیے، ووٹ بیچنے والوں کو سکیورٹی مل سکتی ہے تو الیکشن کیلئے بھی سکیورٹی مل سکتی ہے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ 1997 میں سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے یاد رکھیں یہ 2023 ہے جب دلیل ختم ہوتی ہے تو حکومت کے ذلیل ہونے کا وقت آ جاتا ہے، قوم حکومت سے نفرت کرتی ہے، مہنگائی، بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کھٹائی میں ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، حکومت ہر روز اپنے پاں پر خود کلہاڑی مارتی ہے، مارشل لا اور ایمرجنسی کی خواہشیں دم توڑ گئیں، عدالت کا فیصلہ بھانپ کر دھرنے کا سانپ نکالا گیا ہے۔