فضل الرحمن کی وزیراعظم سے ملاقات، اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ

631

اسلام آباد:القادر ٹرسٹ کیس میں تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات ہوئی، اس دوران امیر جمعیت علمائے اسلام ف نے وفاقی حکومت کو سخت موقف اپنانے کا مشورہ دے دیا۔

وزیراعظم سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے ملاقات کی، اس دوران سپریم کورٹ کے فیصلے اور عمران خان کو ریلیف دینے کے معاملے پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے موجودہ صورتحال پر اتحادیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے سپریم کورٹ سے عمران خان کو ریلیف ملنے کے بعد اتحادی قائدین سے رابطہ بھی کیا، ادھر عدالتی فیصلے کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم ہاوس کا دورہ کیا اور شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال پرتفصیلی مشاورت کی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے وفاقی حکومت کو سخت موقف اپنانے کا مشورہ دے دیا۔

دوسری طرف صورتحال پر شہباز شریف اتحادیوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے،اتحادی رہنماوں سے مشاورت کے بعد مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی اور قومی سلامتی کمیٹی میں لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔