عمران کی گرفتاری پر جلا وگھیراؤ ناقابل برداشت ہے، سخت کارروائی ہوگی، وزیر اطلاعات

275
Imran Khan's lust

 اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان گرفتار ہونے کے بعد جس طرح کا ردعمل آیا وہ پورے ملک نے دیکھا، پی ٹی آئی رہنما اپنے کارکنوں کو جلا وگھیرا کی ترغیب دیتے رہے. مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کل جو کیا یہ عوامی ردعمل تھا؟، یہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، پی ٹی آئی کے لوگ آج کہتے ہیں کہ جو کل ہوا یہ ہم نے نہیں کیا، یہ کل کیوں نہیں بولے تھے کہ یہ ہمارے لوگ نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگ کل عوامی اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچا رہے تھے، ان کے لیڈروں نے انہیں کیوں نہیں روکا، کوئی سیاسی جماعت اس طرح کا ردعمل نہیں دیتی.

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے لوگ بھی گرفتار ہوئے تھے، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ، سعد رفیق سمیت دیگر رہنما بھی گرفتار ہوئے تھے، شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور آشیانہ میں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی اس طرح کا ردعمل نہیں دیا جو پی ٹی آئی نے کل دیا ہے، پی ٹی آئی جو کر رہی ہے وہ ملک پچھلے کئی سالوں سے دیکھ رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جو قانون ہاتھ میں لے گا، وہ پاکستانی ہے، نہ پاکستان کا شہری، کل سرکاری عمارتوں اور گھروں پر حملے کئے گئے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اس عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔