لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا ہے کہ پاکستان نمبر ون کی پوزیشن 48 گھنٹے کے لیے بھی برقرار نہیں رکھ سکا۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم ہمیشہ اہم مواقع پر ناکام رہتی ہے۔ اگر پاکستان نیوزی لینڈ سے پانچواں ون ڈے میچ بھی جیت جاتا تو یہ نہ صرف بہت خوش کہ رہتا بلکہ ٹیم کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن بھی برقرار رہتی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دینے کے بعد بہترین ٹیموں کی آئی سی سی رینکنگ میں سرفہرست آگئی تھی تاہم پانچویں ون ڈے میں نیوزی لینڈ سے ہارجانے کے بعد اس سے نمبر ون کی پوزیشن چھن گئی اور وہ تیسرے نمبر پر چلی گئی۔ اس طرح پاکستان اپنی نمبرون پوزیشن 48 گھنٹے بھی برقرار نہیں رکھ سکا۔
رمیز راجا نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کرنے کا سنہری موقع تھا مگر بدقسمتی سے یہ موقع ضائع ہوگیا۔ انگلینڈ کے خلاف بھی ہمارے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا موقع تھا جب ہم 2 کے مقابلے میں 3 میچ جیت چکے تھے مگر بالآخر انگلینڈ نے سیریز اپنے نام کرلی۔