ملک میں پہلی بار گویائی و سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

382

اسلام آباد: پاکستان میں پہلی بار قوت گویائی اور سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا ابتدائی عمل راولپنڈی پولیس کے تحفظ سینٹر سے شروع ہوگیا۔

گونگے اور بہرے افراد اب عام افراد کی طرح گاڑی اور موٹرسائیکل چلا سکیں گے۔ابتدائی طور پر 3 ماہ کے لیے خصوصی افراد کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر نمایاں نظر آنےوالے اسٹیکرز چسپاں کیے جائیں گے۔گونگے اور بہرے افراد کو باضابطہ ڈرائیونگ لائسنس آئی جی پنجاب جاری کریں گے۔

ڈرائیونگ کی دلچسپی رکھنے والے گونگے اور بہرے افراد کے لیے ایک ضابطہ تشکیل دیا ہے جس کے تحت پولیس افسران اور مقامی این جی او کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی ہے، جو گونگے اور بہرے افراد کی عام شاہراہوں پر ڈرائیو کرنے کی صلاحیت کو جانچے گی جس کے بعد خواہشمند افراد کو باقاعدہ ٹریننگ کے عمل سے گزارا جائے اور اسٹیکرز جاری ہوں گے۔