شہباز شریف اور آصف زرداری کے بیانات حیران کن ہیں،فواد چوہدری

442

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئرنائب صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور آصف زرداری کے بیانات حیران کن ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھی پر کھڑے ان دونوں لیڈرز کو احساس نہیں وہ کیا کر رہے ہیں، اس ملک میں رول آف لاء کے ہر عنصر کو دفن کر دیا گیا ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کے نامزد ملزمان سے تفتیش بنیادی بات ہے اس سے انکار قانون کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے پیر کے روز ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ اپنے ایک اورٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی بحالی کی درخواست ایک لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ مسترد کر دی گئی ، یہ بالکل درست فیصلہ ہے بحالی کی بات آئین کا تمسخر آڑانے کے مترادف ہے نئے انتخابات واحد آئینی راستہ ہے، موجودہ صوبائی حکومتیں غیر آئینی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی موقع ملا پنجاب اور خیبر پختونخوا کی موجودہ غیر آئینی کابینہ کے وزرا ئے اعلیٰ اور ممبران کابینہ پر آرٹیکل چھ کا مقدمہ قائم کریں گے، ان صوبوں میں ہونیوالے تمام اخراجات اور انتظامی احکام غیر آئینی ہیں، یہ ریکوری ان وزیروں کے ذاتی اکائونٹس سے ہو گی۔